ترکیہ خبر

ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات پاکستان کے ذریعے جاری ہونے کا دعویٰ

ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات پاکستان کے ذریعے جاری ہونے کا دعویٰ

نیویارک( مانیٹرنگ ڈیسک) اقوامِ متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے پاکستان کے ذریعے مذاکرات جاری ہیں۔ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد ایرانی سفیر نے کہا کہ امریکا کے ساتھ معاہدے تک پہنچنے کے لیے خیالات اور تجاویز کے تبادلے کا عمل جاری ہے۔ان کے مطابق دونوں ممالک ابھی حتمی مسودے تک نہیں پہنچے، تاہم مذاکراتی عمل مختلف ذرائع اور فریقین کے ذریعے آگے بڑھ رہا ہے۔ایرانی سفیر نے یہ بھی کہا کہ جنگ بندی کے ممکنہ مسودے میں لبنان سمیت تمام متعلقہ خطوں کو شامل کیا جائے گا۔اس سے قبل ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا تھا کہ ایران نہ تو محاذ سے پیچھے ہٹا ہے اور نہ ہی مذاکرات کا راستہ ترک کیا ہے، اور ملک کی ترجیح سلامتی اور عوام کا امن ہے۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران جوہری معاہدے کے حوالے سے بڑی رعایتیں دینے پر آمادہ ہے، جبکہ انہوں نے اسرائیلی وزیرِاعظم کو بھی خبردار کیا ہے کہ ممکنہ نئی جنگ کی صورت میں امریکا فریق نہیں ہوگا۔