ترکیے خبر

ایران کی پاکستان سے خطے میں کشیدگی کم کرانے کے لیے کردار ادا کرنے کی درخواست

ایران کی پاکستان سے خطے میں کشیدگی کم کرانے کے لیے کردار ادا کرنے کی درخواست

 اسلام آباد( ترکیہ خبر)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا، جس میں خطے کی تازہ صورتحال، اہم پیش رفت اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے بیروت کے بعض علاقوں پر ممکنہ حملوں سے متعلق اطلاعات کو بھی باعثِ تشویش قرار دیا۔گفتگو کے دوران عباس عراقچی نے علاقائی سفارتکاری میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے موجودہ صورتحال میں تناؤ کم کرنے کے لیے پاکستان سے فعال کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے جنگ بندی برقرار رکھنے اور امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کی خواہش بھی ظاہر کی۔اس موقع پر اسحاق ڈار نے خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر پاکستان کی جانب سے شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کا تسلسل موجودہ مفاہمتوں اور امن کی کوششوں کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے باہمی رابطے برقرار رکھنے اور علاقائی معاملات پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔