ایران امریکا کے عمل پر مفاہمتی یادداشت کیلئے تیار ہے: ایرانی صدر

ایران امریکا کے عمل پر مفاہمتی یادداشت کیلئے تیار ہے: ایرانی صدر

بشکیک( مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اگر امریکا اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر طے شدہ امور کے مطابق عمل درآمد کرے تو ایران بھی مثبت جواب دینے کے لیے تیار ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز نے ایرانی خبر ایجنسی ایسنا کے حوالے سے بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا کہ اگر امریکا جون میں طے پانے والے عبوری معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرتا ہے تو ایران فوری طور پر مثبت ردعمل دے گا۔ایرانی صدر کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر امریکی صدر کے دستخط موجود تھے، تاہم امریکا کی جانب سے اس دستاویز سے وابستگی دو ہفتوں سے بھی کم عرصے تک برقرار رہی۔مسعود پزشکیان نے بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف سے ان کی ملاقات ہوئی، جس میں وزیراعظم نے واضح کیا کہ مکہ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے اور کسی ملک کے خلاف نہیں، بلکہ اس کا مقصد امن و سلامتی کا تحفظ ہے۔ایرانی صدر نے مفاہمتی عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلم ممالک متحد رہیں تو اسرائیل کے لیے حملہ کرنا آسان نہیں ہوگا۔ ان کے مطابق مسلم ممالک باہمی مذاکرات اور تعاون کے ذریعے اپنے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والا معاہدہ مسلم دنیا کے اتحاد کو مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم ہے، جبکہ دیگر علاقائی اور مسلم ممالک بھی اس میں شامل ہوکر مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.