ایرانی حکام کا دعویٰ، امریکی حملوں میں 30 شہری اور 7 فوجی جاں بحق
تہران( مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران جنوبی ایران پر ہونے والے امریکی حملوں میں 30 سے زائد عام شہری جاں بحق ہوئے ہیں۔ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں جانی نقصان کی تصدیق کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور متاثرہ خاندانوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔دوسری جانب ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوب مشرقی ایران میں ایک فوجی اڈے پر امریکی میزائل حملوں کے نتیجے میں کم از کم 7 ایرانی فوجی اہلکار جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ایرانی فوج کے مطابق یہ حملہ صوبہ سیستان و بلوچستان کے علاقے ایرانشہر کے قریب واقع بمپور گیریژن پر کیا گیا، جہاں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق حملے کے دوران 13 امریکی میزائل فوجی بیرکوں پر داغے گئے، جن کے نتیجے میں 388ویں بریگیڈ کے 7 اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں فوجی رہائشی عمارتوں، گارڈ پوسٹس اور دیگر تنصیبات کو نقصان پہنچا، جبکہ ان کا دعویٰ ہے کہ کارروائی کا مقصد زیادہ سے زیادہ جانی نقصان پہنچانا تھا۔ایرانی فوج نے امریکی حملوں کو جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا جواب مناسب وقت پر دیا جائے گا اور کارروائی کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔