ایران کا امریکی ایم کیو-9 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ
تہران( مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے جنوبی ایران کے صوبہ بوشہر میں ایک امریکی ایم کیو-9 ڈرون کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے۔ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم نیوز کے مطابق پاسداران انقلاب کے ترجمان حسین محبی نے کہا کہ امریکی ڈرون کو صوبہ بوشہر کے شہر خورموج کے قریب اس وقت نشانہ بنایا گیا جب امریکی فوج کی جانب سے مبینہ فضائی کارروائی کی گئی۔ترجمان کے مطابق ایرانی فضائی دفاعی نظام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈرون کو تباہ کر دیا، تاہم انہوں نے واقعے سے متعلق مزید فوجی یا تکنیکی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔اب تک امریکا کی جانب سے ایرانی دعوے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ اس واقعے کی آزاد ذرائع سے بھی تصدیق نہیں ہو سکی۔یہ دعویٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ فوجی کشیدگی کے باعث خطے میں صورتحال بدستور کشیدہ ہے۔ دونوں ممالک ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی اور اشتعال انگیز اقدامات کے الزامات عائد کر رہے ہیں۔دفاعی ماہرین کے مطابق ایم کیو-9 ڈرون امریکا کا جدید نگرانی اور حملہ آور ڈرون ہے، جسے انٹیلی جنس معلومات جمع کرنے، نگرانی اور مخصوص فوجی کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر ایرانی دعویٰ درست ثابت ہوتا ہے تو یہ حالیہ کشیدگی کے دوران ایک اہم پیش رفت تصور کی جائے گی، تاہم اس کی حتمی تصدیق کے لیے مزید سرکاری معلومات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔