جنگی حالات میں ایران کے ہنگامی اقدامات، خوراک و ادویات کی فراہمی کے لیے بڑے مالی فیصلے
تہران( مانیٹرنگ ڈیسک)جنگی صورتحال اور غیر یقینی حالات کے باعث ایرانی حکومت نے خوراک اور ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اقتصادی اقدامات کیے ہیں۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے گندم، ادویات اور بچوں کے دودھ جیسی بنیادی اشیاء کی درآمد کے لیے کم سرکاری زرِ مبادلہ کی شرح دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے تین اعشاریہ پانچ ارب ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق یہ شرح اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں کم رکھی گئی ہے تاکہ ضروری اشیاء کی درآمد کو سہولت دی جا سکے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔مزید بتایا گیا ہے کہ حکومت نے قومی ترقیاتی فنڈ سے ایک ارب ڈالر نکال کر چاول، چینی، گوشت اور دیگر بنیادی اشیاء کے ذخائر بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا ہے تاکہ ممکنہ قلت سے بچا جا سکے۔رپورٹس کے مطابق ملک میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے جبکہ عوام کو ملنے والی ماہانہ مالی امداد بھی محدود سطح پر ہے، جس میں اضافے پر غور کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب معاشی دباؤ، روزگار کے مسائل اور انٹرنیٹ بندش کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں اور عوام میں اشیاء ذخیرہ کرنے کا رجحان بھی بڑھ گیا ہے۔حکام کے مطابق ایران میں خوراک کی قلت کا فوری خطرہ نہیں ہے اور درآمدات کے متبادل ذرائع موجود ہیں، تاہم عوامی سطح پر تشویش برقرار ہے۔