ترکیہ خبر

ایران نے بھی امریکا سے امن معاہدے کی تصدیق کر دی

ایران نے بھی امریکا سے امن معاہدے کی تصدیق کر دی

تہران( مانیٹرنگ ڈیسک) تہران میں ایرانی حکومت نے امریکا کے ساتھ امن معاہدے پر اتفاق کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مفاہمتی یادداشت کے متن کی حتمی منظوری دے دی گئی ہے۔ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے اپنے بیان میں کہا کہ معاہدے کے مسودے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور متعلقہ فریقوں نے اس کی منظوری بھی دے دی ہے۔انہوں نے بتایا کہ "اسلام آباد معاہدہ" پر باضابطہ دستخط جمعہ کے روز سوئٹزرلینڈ میں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر معاہدے کی کسی جانب سے خلاف ورزی کی گئی تو ایران اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے مناسب اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے پانے کی تصدیق کر چکے ہیں۔امریکی صدر کے مطابق معاہدے کے تحت آبنائے ہرمز کو فوری طور پر بحری آمدورفت کے لیے کھولنے اور بحری ناکہ بندی ختم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ دونوں ممالک نے تمام محاذوں پر فوجی کارروائیوں کے فوری اور مستقل خاتمے پر اتفاق کیا ہے، جس میں لبنان کی صورتحال بھی شامل ہے۔بیان کے مطابق معاہدے کے بعد عالمی بحری تجارت اور تیل کی ترسیل کے راستے بحال ہوں گے، جبکہ بین الاقوامی جہازوں کی نقل و حرکت میں حائل رکاوٹیں بھی ختم کر دی جائیں گی۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پیغام میں معاہدے کو ایک اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھولنے اور امریکی بحری ناکہ بندی کے خاتمے کا فیصلہ نافذ کر دیا گیا ہے۔