نیویارک ( مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ میں ایران کے مشن نے امریکا پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ سلامتی کونسل میں ایران اور اس کے جوہری پروگرام کے خلاف جھوٹے اور گمراہ کن بیانات پھیلا رہا ہے۔ایرانی مشن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ واشنگٹن ایران کے پرامن جوہری پروگرام کو متنازع بنانے کیلئے پروپیگنڈا مہم چلا رہا ہے، جبکہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی بحری ناکہ بندیاں بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔بیان میں کہا گیا کہ امریکا خطے میں اسرائیلی کارروائیوں اور مبینہ مظالم کی مسلسل حمایت کر رہا ہے اور اب خود کو انصاف کا علمبردار ظاہر کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔اقوام متحدہ میں ایران کے مندوب نے کہا کہ امریکا تاریخ میں ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے والا واحد ملک ہے اور وہ خطے میں کشیدگی، بحری ناکہ بندیوں اور شہری تنصیبات پر حملوں کی حمایت کا ذمہ دار ہے۔ایرانی مشن کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اطلاعات ہیں کہ آبنائے ہرمز سے متعلق امریکا اور خلیجی ممالک کی حمایت یافتہ ایک قرارداد کو اقوام متحدہ کے رکن ممالک کی بڑی تعداد کی حمایت حاصل ہو چکی ہے اور اس پر جلد ووٹنگ متوقع ہے۔
ایران کا امریکا پر اقوام متحدہ میں جھوٹا پروپیگنڈا کرنے کا الزام
واپس خبروں پر
Category:
عالمی خبریں