دوحہ میں امریکہ ایران بالواسطہ مذاکرات، قطر اور پاکستان کی شمولیت کا انکشاف
دوحہ( مانیٹرنگ ڈیسک) العربیہ چینل نے امریکہ اور ایران کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کے حالیہ دور کی تفصیلات حاصل کر لی ہیں، جو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقد ہوئے۔ایک اعلیٰ عہدیدار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ امریکہ کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لیے ایران، قطر اور پاکستان کے درمیان ایک سہ فریقی اجلاس بھی ہوا، جس میں معاہدے پر عمل درآمد تیز کرنے کی حکمت عملیوں پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق تہران اور واشنگٹن کے درمیان ہونے والے بالواسطہ مذاکرات میں لبنان اور آبنائے ہرمز کی صورتحال بھی زیر بحث رہی۔ ایران نے الزام عائد کیا کہ اسرائیل لبنان میں اپنی افواج کی موجودگی کے ذریعے مفاہمت کی یادداشت پر عمل درآمد کو متاثر کر رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق ایران نے دوحہ مذاکرات میں مطالبہ کیا کہ مفاہمت کی یادداشت پر طے شدہ مراحل کے مطابق عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور دیگر معاملات پر پیش رفت سے قبل اس کی پانچ اہم شقوں پر عمل مکمل کیا جائے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ تہران نے “منجمد اثاثوں” سے متعلق شقوں پر بھی خصوصی توجہ دی اور اپنے مرکزی بینک کے لیے ان اثاثوں تک رسائی کا مطالبہ کیا۔ان مذاکرات کے دوران خطے کی سیکیورٹی صورتحال، علاقائی کشیدگی اور معاشی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، تاہم فریقین کی جانب سے سرکاری سطح پر مکمل تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔