ڈھاکہ ( مانیٹرنگ ڈیسک) بنگلہ دیشی حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس نے متعدد سرحدی مقامات سے درجنوں افراد کو زبردستی بنگلہ دیشی حدود میں داخل کرنے کی کوشش کی، تاہم سرحدی فورسز نے یہ کوشش ناکام بنا دی۔بنگلہ دیشی بارڈر فورس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مجموعی طور پر 11 سرحدی مقامات پر ایسے واقعات رپورٹ ہوئے جن میں مبینہ طور پر 129 افراد کو غیر قانونی طور پر سرحد پار دھکیلنے کی کوشش کی گئی۔بیان کے مطابق سرحدی نگرانی، انٹیلیجنس مانیٹرنگ اور گشت کے نظام کو مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی غیر قانونی نقل و حرکت کو روکا جا سکے۔ حکام نے واضح کیا کہ کسی فرد یا گروہ کو غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور بین الاقوامی سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کی ہر کوشش کا سخت جواب دیا جائے گا۔بنگلہ دیشی حکام کے مطابق یہ واقعات چلی پائی نواب گنج، نیٹروکونا، سلہٹ، پنچ گڑھ، ٹھاکر گاؤں، جے پور ہاٹ، کھلنا اور جھنائیدہ کے سرحدی علاقوں میں پیش آئے۔ ایک واقعے میں مبینہ طور پر بی ایس ایف اہلکار ایک جیل وین کے ذریعے 30 سے 35 افراد کو لے کر آئے اور انہیں سرحد پار دھکیلنے کی کوشش کی گئی، تاہم بارڈر گارڈ بنگلہ دیش اور مقامی افراد نے مل کر اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔مزید بتایا گیا ہے کہ بعض علاقوں میں اسی نوعیت کی کوششیں بھی رپورٹ ہوئیں جنہیں سرحدی فورسز نے روک دیا۔ بنگلہ دیشی حکام کے مطابق بھارتی حدود میں ایسے ہولڈنگ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں افراد کو سرحد پار بھیجنے سے قبل رکھا جاتا ہے۔ان واقعات کے بعد بنگلہ دیش نے حساس سرحدی سیکٹرز میں سیکیورٹی اور انٹیلیجنس نظام کو مزید فعال کر دیا ہے تاکہ آئندہ ایسے کسی بھی ممکنہ واقعے کو روکا جا سکے۔
بھارتی سرحدی فورس نے افراد کو سرحد پار دھکیلنے کی کوشش کی،بنگلہ دیش کا الزام
واپس خبروں پر
Category:
عالمی خبریں