بحیرۂ احمر میں بھارتی تجارتی جہاز پر حملہ، عملہ محفوظ، جہاز ڈوب گیا
صنعاء( مانیٹرنگ ڈیسک) یمن کے قریب بحیرۂ احمر میں بھارتی پرچم بردار تجارتی جہاز پروجیکٹائل حملے کے بعد ڈوب گیا، تاہم جہاز پر موجود تمام عملے کو بحفاظت بچا لیا گیا۔عالمی میڈیا کے مطابق بھارتی تجارتی جہاز کو یمنی سمندری حدود کے قریب حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد کوسٹ گارڈ نے کارروائی کرتے ہوئے جہاز کے 14 رکنی عملے کو ریسکیو کر لیا۔مقامی حکام کے مطابق بچائے گئے افراد میں 13 بھارتی شہری اور ایک یمنی باشندہ شامل ہے، جنہیں بندرگاہ الحدیدہ کے جنوب میں پیش آنے والے واقعے کے بعد محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔بھارت کے وزیر جہاز رانی سربانندا سونووال نے بتایا کہ جہاز کو ایک پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا، جبکہ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے تجارتی جہاز رانی کو نشانہ بنانے کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے حملوں کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا۔یمن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق حملے کا الزام ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروپ پر عائد کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ حوثیوں نے بحیرۂ احمر میں بحری ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد سے متعدد آئل ٹینکروں اور توانائی سے متعلق تنصیبات پر حملوں کی ذمہ داری قبول کی جا چکی ہے۔