اسلام آباد( ترکیہ خبر)وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے بھارتی فوج کے سربراہ کے حالیہ بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت نے دوبارہ کسی مہم جوئی کی کوشش کی تو اسے پہلے سے زیادہ سخت اور مؤثر جواب کا سامنا کرنا پڑے گا۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حالیہ کشیدگی کے دوران بھارت کو جس صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، اس کے اثرات وہ اب تک محسوس کر رہا ہے۔ ان کے مطابق بھارتی قیادت اپنی ناکامی کے نتائج سے پوری طرح باہر نہیں آ سکی۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت خطے میں مختلف ذرائع کے ذریعے دباؤ بڑھانے اور پراکسی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم ایسی تمام کوششوں کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور کسی بھی جارحیت یا اشتعال انگیزی کا مؤثر جواب دینے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔وزیرِ دفاع نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ملک کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔