مکہ دفاعی معاہدہ، بھارت نے پیش رفت پر نظر رکھنے کا اعلان کردیا
نئی دہلی( مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدے پر بھارت کا ردعمل سامنے آگیا۔بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ بھارت پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی پیش رفت کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اس معاملے کو قریب سے دیکھ رہی ہے اور صورتحال کے حوالے سے میڈیا کو آگاہ کرتی رہے گی۔واضح رہے کہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ نے مکہ مکرمہ میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت کسی ایک رکن ملک پر مسلح حملہ تینوں ممالک کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔مکہ کے قصر الصفا میں ہونے والے مشترکہ دفاعی اجلاس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، ترک صدر رجب طیب اردوان اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف شریک ہوئے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس کے دوران تینوں ممالک نے ’’مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے‘‘ پر دستخط کیے، جس پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے دستخط کیے۔