معرکہ حق میں شکست کے باوجود بھارت تلخ حقیقت تسلیم کرنے سے گریزاں ہے:آئی ایس پی آر
راولپنڈی( تر کیہ خبر) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں شکست کے باوجود بھارت تلخ حقیقت تسلیم کرنے سے گریزاں ہے اور آپریشن سندور کے نام پر تاریخ کو من پسند انداز میں پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن سندور سے متعلق بھارتی ڈاکیومنٹری حقائق کے بجائے جذباتی بیانیے اور فلمی انداز کی عکاسی کرتی ہے۔ پہلگام حملے کے مبینہ ملزمان اگر 28 جولائی کو مارے گئے تو بھارت نے 7 مئی کو کس کے خلاف کارروائی کا دعویٰ کیا تھا؟ آئی ایس پی آر نے کہا کہ آپریشن سندور کو پہلگام حملے کا بدلہ قرار دینے کا بھارتی مؤقف اس کے اپنے بیانیے سے متصادم ہے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارت کا آپریشن سندور میں 100 فیصد کامیابی کا دعویٰ بھی آپریشنل ریکارڈ سے مطابقت نہیں رکھتا۔ معرکہ حق کے دوران پاکستان نے بھارتی جارحیت ناکام بناتے ہوئے 8 بھارتی فوجی طیارے مار گرائے، جبکہ آپریشن بنیانٌ مرصوص میں 26 بھارتی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ فلمی مناظر طیاروں کے نقصان اور حقیقی جنگی حقائق تبدیل نہیں کرسکتے۔ پاکستان کو معرکہ حق سے متعلق کوئی من گھڑت بیانیہ بنانے کی ضرورت نہیں، جنگی ریکارڈ، سفارتی رابطے اور خود بھارتی بیانات حقائق واضح کرتے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کے لیے پرعزم ہے اور مسلح افواج ملکی خودمختاری و سالمیت کے دفاع کے لیے مکمل تیار ہیں۔ آئندہ کسی مہم جوئی کی صورت میں پاکستان کا جواب فیصلہ کن ہوگا۔