یومِ آزادی کی تیاریاں عروج پر، ملک بھر میں سبز ہلالی پرچموں سے رونقیں
لاہور ( تر کیہ خبر) جشن آزادی قریب آتے ہی ملک بھر میں 14 اگست کی تیاریاں زور پکڑ گئی ہیں۔ وفاقی دارالحکومت، صوبائی دارالحکومتوں، بازاروں، شاہراہوں اور اہم مقامات پر سبز ہلالی پرچم، جھنڈیوں اور برقی روشنیوں سے سجاوٹ کی جا رہی ہے۔14 اگست کی آمد کے ساتھ ہی مختلف شہروں کا منظر سبز اور سفید رنگ میں ڈھلنے لگا ہے۔ بازاروں میں قومی پرچموں، جھنڈیوں اور بیجز کے اسٹال سج گئے ہیں، جبکہ بچوں کے لیے سبز و سفید ملبوسات، قومی پرچم سے مزین اشیا اور گاڑیوں کی آرائش کا سامان بھی شہریوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔لاہور سے اسلام آباد اور خیبرپختونخوا تک جشنِ آزادی کی سرگرمیاں صرف سجاوٹ تک محدود نہیں، بلکہ سرکاری تقریبات، پرچم کشائی، ثقافتی پروگراموں اور دیگر سرگرمیوں کے لیے بھی تیاریاں جاری ہیں۔اسلام آباد میں مختلف مقامات پر سبز و سفید سجاوٹ اور قومی پرچموں نے جشنِ آزادی کا رنگ نمایاں کردیا ہے، جبکہ شہر میں یومِ آزادی کی تقریبات کے انتظامات بھی جاری ہیں۔لاہور میں بھی 14 اگست کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔ پنجاب حکومت نے صوبے بھر، بالخصوص لاہور میں یومِ آزادی کی تقریبات بھرپور انداز میں منعقد کرنے کے لیے انتظامات کی ہدایات جاری کردی ہیں۔دوسری جانب خیبرپختونخوا میں یومِ آزادی کے موقع پر بڑے پیمانے پر شجرکاری کا منصوبہ بھی تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت صوبے میں 14 لاکھ پودے لگانے کی تیاری کی گئی ہے۔