عمران خان شفا ہسپتال میں معائنے کے بعد اڈیالا جیل واپس منتقل
اسلام آباد( تر کیہ خبر) بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں طبی معائنے اور مختصر قیام کے بعد دوبارہ اڈیالا جیل منتقل کردیا گیا۔جیل ذرائع کے مطابق عمران خان کو کچھ دیر قبل سخت سکیورٹی میں ہسپتال لایا گیا تھا، جہاں طبی معائنے کے بعد انہیں واپس جیل منتقل کرکے سیل میں پہنچا دیا گیا۔شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ سپریم کورٹ نے عمران خان کو علاج کے لیے جیل سے ہسپتال منتقل کرنے اور میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔اس سے قبل عمران خان کی بہنیں اور معالج بھی اڈیالا جیل پہنچے تھے۔ ڈاکٹر عظمیٰ خان اور ڈاکٹر فیصل نے جیل میں داخل ہوکر ملاقات کی، جبکہ نورین نیازی جیل کے باہر موجود رہیں۔وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا تھا کہ عمران خان کی ہسپتال منتقلی اسلام آباد انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، جبکہ وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنا اللہ نے ہسپتال منتقلی کے عدالتی ریلیف پر اعتراض کیا تھا۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے خلاف حکومتی نظرثانی درخواست اعتراضات عائد کرکے واپس کردی تھی۔