اسلام آباد ہائیکورٹ کا عمران، بشریٰ کو تنہائی سے نکالنے کا حکم
اسلام آباد( تر کیہ خبر) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی تحریک انصاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جیل میں مبینہ قید تنہائی میں نہ رکھنے کا حکم دیتے ہوئے درخواستیں عدالتی ہدایات کے ساتھ نمٹا دیں۔جسٹس خادم حسین سومرو نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو مبینہ طور پر تنہائی میں رکھنے کے خلاف دائر درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔ عمران خان کی جانب سے علیمہ خان جبکہ بشریٰ بی بی کی طرف سے مبشرہ خاور مانیکا نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔عدالت نے جیل حکام کو بشریٰ بی بی کی عمران خان سے ملاقات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ فیصلے میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو پابند کیا گیا کہ دونوں کو قید تنہائی میں نہ رکھا جائے۔عدالت نے جیل قوانین کے مطابق عمران خان کی اہل خانہ سے ملاقاتیں کرانے اور ان کے بیٹوں سے ٹیلی فون پر گفتگو کی سہولت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔فیصلے کے مطابق عمران خان کو روزانہ اخبارات اور کتابیں فراہم کی جائیں جبکہ جیل قوانین کے تحت انہیں طبی سہولیات بھی مہیا کی جائیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ اگر عمران خان کی آڈیو ریکارڈ کرکے اس کا غلط استعمال کیا گیا تو ٹیلی فون کی سہولت واپس لی جاسکتی ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے نصرت بھٹو اور بیگم شمیم آفریدی کے مقدمات کے فیصلوں کی روشنی میں درخواستوں کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا اور 15 روز میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی۔