آئیڈاہو ریسٹورنٹ میں فائرنگ، 3 افراد ہلاک، حملہ آور بھی مارا گیا
ٹوئن فالز( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی ریاست آئیڈاہو کے ایک فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں 3 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے، جبکہ حملہ آور نے بعد ازاں خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔پولیس چیف میتھیو ہکس نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق 24 سالہ چیڈ ولیمز نے یہ حملہ اکیلے کیا اور واقعے میں کسی دوسرے شخص کے ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے۔پولیس کے مطابق جنوبی آئیڈاہو کے شہر ٹوئن فالز میں حال ہی میں قائم ہونے والے فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ میں فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد جان سے گئے جبکہ سات افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے دو کو طبی امداد کے بعد اسپتال سے گھر بھیج دیا گیا، تین کی حالت مستحکم ہے جبکہ دو افراد اب بھی تشویشناک حالت میں زیر علاج ہیں۔حکام کے مطابق واقعے کے دوران ایک آف ڈیوٹی ریاستی اہلکار اور ایک مسلح شہری نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور پر فائرنگ کی، جس کے بعد وہ ریسٹورنٹ سے پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوا۔ پولیس نے کہا کہ دونوں افراد کی بروقت مداخلت سے مزید جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔پولیس چیف نے آف ڈیوٹی اہلکار اور شہری کی بہادری کو سراہتے ہوئے ان کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی ان افواہوں کی بھی تردید کی جن میں ایک دوسرے شخص کو حملہ آور قرار دیا جا رہا تھا، اور واضح کیا کہ اس شخص کا واقعے سے کوئی تعلق نہیں۔فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک ملازم بھی شامل ہے۔