حوثیوں کے سعودی شہروں پر میزائل، ڈرون حملے، کشیدگی بڑھ گئی

حوثیوں کے سعودی شہروں پر میزائل، ڈرون حملے، کشیدگی بڑھ گئی

ریاض، صنعا ( مانیٹرنگ ڈیسک) یمن کے حوثی جنگجوؤں نے سعودی عرب کے جنوبی علاقوں کو ایک بار پھر میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا ہے۔سعودی قیادت میں قائم اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق حوثیوں نے خمیس مشیط، ابہا اور جازان کی سمت متعدد بیلسٹک میزائل اور ڈرونز فائر کیے۔ترجمان نے بتایا کہ حملوں میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم اتحادی افواج سعودی عرب کی خودمختاری، قومی تنصیبات اور شہریوں کے تحفظ کے لیے حملوں کا مناسب جواب دیں گی۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یمن میں حوثیوں اور سعودی حمایت یافتہ حکومتی فورسز کے درمیان لڑائی میں شدت آتی جارہی ہے۔دوسری جانب بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل طاہر علی کے قافلے پر صوبہ الضالع میں حملے اور گھیراؤ کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے کے بعد وزیر دفاع کے تمام محافظوں کو قابو کرکے حراست میں لے لیا گیا، جبکہ وزیر دفاع خود بھی محاصرے میں آگئے۔ ان کے ممکنہ اغوا یا یرغمال بنائے جانے سے متعلق متضاد اطلاعات سامنے آرہی ہیں، تاہم واقعے کی حتمی تصدیق ابھی نہیں ہوسکی۔دوسری طرف حوثیوں کے متوازی وزیر دفاع محمد ناصر کے حوالے سے بھی اطلاعات ہیں کہ یمنی فوج نے گزشتہ روز صوبہ تعز کے مغربی علاقے البرح میں ان کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں متعدد حوثی کمانڈروں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔حوثیوں نے حالیہ دنوں کے دوران سعودی عرب کے جنوبی علاقوں میں توانائی اور فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا ہے، جبکہ سعودی حمایت یافتہ فورسز یمن میں حوثیوں کے خلاف جوابی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔تازہ کشیدگی کے باعث بحیرہ احمر اور باب المندب کی اہم بحری گزرگاہوں کی سلامتی سے متعلق خدشات بھی مزید بڑھ گئے ہیں۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.