حوثیوں کا سعودی ڈرون گرانے اور ریاض ایئرپورٹ پر حملے کا دعویٰ
صنعا ( مانیٹرنگ ڈیسک) حوثی جنگجوؤں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے تعز کے علاقے میں سعودی عرب کے زیرِ استعمال ترک ساختہ بیرقدار آقنچی ڈرون مار گرایا۔ حوثی ترجمان کے مطابق ڈرون کو کارروائی کے دوران مناسب ہتھیاروں سے نشانہ بنایا گیا۔حوثیوں نے باب المندب کے قریب سعودی حمایت یافتہ فورسز کے ٹھکانوں پر بیلسٹک میزائل حملوں اور ریاض کے کنگ خالد ہوائی اڈے کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔ سعودی ہوائی اڈے پر حملے میں 3 افراد جاں بحق اور 36 زخمی ہوئے، جن میں ایک پاکستانی بھی شامل ہے۔دوسری جانب یمن کی قانونی حکومت کی حمایت کرنے والے اتحادی فوجی اتحاد نے صعدہ، الجوف اور مارب میں حوثیوں کے 82 فوجی اہداف تباہ کرنے کا دعویٰ کیا۔ ان اہداف میں میزائل تنصیبات، کمانڈ مراکز، مواصلاتی نظام اور اسلحہ ذخائر شامل تھے۔