حوثیوں کا باب المندب پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ
یمن( مانیٹرنگ ڈیسک)یمن کی انصار اللہ تنظیم کے سینیئر اہلکار محمد البخیتی نے دعویٰ کیا ہے کہ حوثیوں نے باب المندب پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق حوثیوں نے مغربی صوبے تعز میں اہم علاقوں اور الخالد و جبل النصر فوجی اڈوں پر قبضہ کرلیا ہے، جبکہ وہ بحیرۂ احمر کے ساحلی علاقے میں واقع المخا بندرگاہ کے داخلی حصوں تک پہنچ گئے ہیں۔رپورٹس کے مطابق حوثیوں نے المخا ایئرپورٹ بھی اپنے قبضے میں لے لیا ہے، جبکہ مزاحمت کرنے والے بڑی تعداد میں ہتھیار ڈال چکے ہیں۔باب المندب عالمی تجارت کے لیے انتہائی اہم گزرگاہ ہے، جہاں سے تیل، گیس اور غذائی اجناس کی بحری ترسیل ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ المخا کو بھی اسٹریٹیجک اہمیت حاصل ہے، جہاں سے بحیرۂ احمر میں بحری جہازوں کی نگرانی ممکن ہے اور یہ علاقہ فوجی اعتبار سے بھی اہم سمجھا جاتا ہے۔یمن کی صدارتی لیڈرشپ کونسل کے صدر رشاد علیمی نے کہا ہے کہ باب المندب کے قریب عسکری صورتحال میں تبدیلی کے اثرات سوئز کینال تک پہنچ سکتے ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ باب المندب کے اطراف موجودہ فوجی صورتحال عالمی تجارت کو متاثر کرسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یمن کے ساحلی علاقوں کا تحفظ یمن کے ساتھ ساتھ عرب اور عالمی برادری کی بھی ذمہ داری ہے۔