حوثی حملے، سعودی عرب کے 3 شہروں میں 13 افراد زخمی
ریاض (تر کیہ خبر) یمنی حوثیوں نے سعودی عرب کے تین شہروں کو نشانہ بنایا، حملوں کے نتیجے میں 13 افراد زخمی ہوگئے۔اتحادی افواج کے مطابق خمیس مشیط، ابہا اور طائف میں حملے کیے گئے، جبکہ سعودی عرب نے تیل کی تنصیبات کو محفوظ بنانے کیلئے برطانیہ سے فوجی تعاون طلب کرلیا ہے۔رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیراعظم سعودی عرب کی عسکری معاونت کی درخواست کا جائزہ لے رہے ہیں۔ حملوں کے باعث سعودی تیل تنصیبات کو خطرات لاحق ہونے کے ساتھ برطانیہ کو بھی ممکنہ معاشی نقصان کا خدشہ ہے۔اس سے قبل یمنی حوثیوں نے سعودی عرب کے ایک فوجی اڈے پر حملے کا دعویٰ کیا تھا۔ حوثی ترجمان کے مطابق خمیس مشیط میں کنگ خالد ایئربیس کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا، جہاں طیاروں کے ہینگرز، ریڈار، رن ویز اور اسلحے کے ذخائر کو ہدف بنایا گیا۔ترجمان نے دعویٰ کیا کہ کارروائی میں درجنوں بیلسٹک میزائل اور ڈرونز استعمال کیے گئے۔