ایچ ای سی کا بڑا اقدام: امریکہ کی ٹاپ جامعات میں پی ایچ ڈی اسکالرشپس کا اعلان

ایچ ای سی کا بڑا اقدام: امریکہ کی ٹاپ جامعات میں پی ایچ ڈی اسکالرشپس کا اعلان

اسلام آباد( ترکیہ خبر) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے امریکہ کی ممتاز جامعات میں پی ایچ ڈی کے لیے اسکالرشپس کا اعلان کر دیا ہے۔ایچ ای سی کے مطابق “امریکہ پاکستان نالج کوریڈور پروگرام” کے تحت 2027 کے داخلوں کے لیے امریکہ کی کیو ایس ورلڈ رینکنگ کی ٹاپ 100 جامعات میں پی ایچ ڈی اسکالرشپس کے لیے پاکستانی طلبہ سے آن لائن درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔اعلان میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ اسکالرشپ صرف پی ایچ ڈی پروگرام کے لیے ہوگی، جبکہ ماسٹرز یا ایم ایس سے پی ایچ ڈی پروگرام اس میں شامل نہیں ہوں گے۔ ترجیح ان امیدواروں کو دی جائے گی جنہیں ایچ ای سی کی ترجیحی شعبہ جات میں امریکی جامعات سے داخلہ ملے گا۔تفصیلات کے مطابق اس پروگرام کے تحت سپرنگ اور سمر 2027 داخلوں کے لیے درخواست دینے کی آخری تاریخ 30 اکتوبر 2026 مقرر کی گئی ہے، جبکہ فال 2027 کے داخلوں کے لیے آخری تاریخ 30 مارچ 2027 رکھی گئی ہے۔درخواستیں ایچ ای سی کے آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جا سکیں گی۔ اسکالرشپ کو دو زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔پہلے زمرے میں کیو ایس رینکنگ کی ٹاپ 50 امریکی جامعات میں داخلہ لینے والے طلبہ شامل ہوں گے، جنہیں یونیورسٹی انوائس کے مطابق ٹیوشن فیس، سالانہ 19,200 امریکی ڈالر وظیفہ اور 2,000 امریکی ڈالر ہیلتھ انشورنس دی جائے گی۔دوسرے زمرے میں 51 سے 100 رینکنگ والی جامعات میں داخلہ لینے والے طلبہ کو ٹیوشن فیس، سالانہ 19,200 امریکی ڈالر وظیفہ اور 2,000 امریکی ڈالر ہیلتھ انشورنس فراہم کی جائے گی۔اہلیت کے مطابق امیدوار کا پاکستانی یا آزاد جموں و کشمیر کا شہری ہونا ضروری ہے، جبکہ کم از کم 16 سالہ تعلیم (چار سالہ بیچلر ڈگری) مکمل ہونا لازمی ہے۔ تعلیمی ریکارڈ میں دوسری یا تیسری ڈویژن قابلِ قبول نہیں ہوگی اور کسی دوسری اسکالرشپ سے فائدہ اٹھانا بھی منع ہوگا۔عمر کی حد عام امیدواروں کے لیے 35 سال جبکہ سرکاری ملازمین، سرکاری جامعات کے مستقل اساتذہ اور منظور شدہ تحقیقی اداروں کے محققین کے لیے 40 سال مقرر کی گئی ہے۔امیدوار کے لیے GRE جنرل میں کم از کم 300 اسکور یا ہائر ایجوکیشن ایپٹی ٹیوڈ ٹیسٹ (HAT) میں کم از کم 60 فیصد اسکور لازمی قرار دیا گیا ہے۔ایچ ای سی نے مزید کہا ہے کہ دلچسپی رکھنے والے امیدوار تفصیلی معلومات اور درخواست کے لیے ایچ ای سی کی ویب سائٹ اور سکالرشپ پورٹل سے رجوع کریں۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.