شدید بارشوں اور سیلاب کا خدشہ، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

شدید بارشوں اور سیلاب کا خدشہ، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

اسلام آباد( تر کیہ خبر) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر 24 جولائی تک الرٹ جاری کر دیا ہے۔این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق دریاؤں، مقامی ندی نالوں اور پہاڑی برساتی راستوں میں اچانک طغیانی اور پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔گلگت بلتستان کے اضلاع ہنزہ، شگر اور گانچھے میں شمشال، ہنزہ، چپورسن، کلیک، شگر، شیوک اور ہُشے دریاؤں میں اچانک سیلابی ریلوں کا امکان ہے۔آزاد جموں و کشمیر میں دریائے جہلم، نیلم، پونچھ، مہل، بیٹار نالہ، بھمبر نالہ، کانشی دریا اور دیگر معاون ندی نالوں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں دریائے چترال، کابل، سوات، پنجکوڑہ، مقم نالہ اور کلپانی نالہ سمیت کئی علاقوں کے مقامی ندی نالوں میں سیلابی ریلوں کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں خیبر، کرم، اورکزئی، کوہاٹ، بنوں، کرک، ہنگو، لکی مروت، شمالی و جنوبی وزیرستان، باجوڑ، مہمند، مانسہرہ، بونیر اور صوابی شامل ہیں۔پنجاب میں ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی برساتی نالوں، دریائے سواں اور پوٹھوہار ریجن جبکہ شمال مشرقی بلوچستان کے برساتی ندی نالوں اور دریاؤں میں بھی پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب کے مقام مرالہ اور دریائے جہلم کے منگلا کے بالائی علاقوں میں اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ موجود ہے، جبکہ ڈورا، ڈوٹا، ڈوارہ، بھمبر، ہلسی، ایک، پلکھو، بین، بسنتر، ڈیک اور سکھی نالوں میں بھی اچانک پانی بڑھنے کا خدشہ ہے۔بھارت کے تھین، پونگ اور بھاکھڑا ڈیموں سے پانی کے اخراج کی صورت میں دریائے راوی اور ستلج میں پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو صورتحال پر نظر رکھنے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.