راولپنڈی اسلام آباد میں تیز بارش، اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت

راولپنڈی اسلام آباد میں تیز بارش، اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت

 اسلام آباد ( تر کیہ خبر)راولپنڈی اور اسلام آباد میں تیز بارش کے بعد تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق سیدپور میں 43، گولڑہ میں 5، پی ایم ڈی میں 43، نیو کٹاریاں میں 12، پیرودھائی میں 4 اور شمس آباد میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے تمام اداروں کو ہنگامی صورتحال کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں رین ایمرجنسی نافذ ہے۔واسا حکام کے مطابق نالہ لئی میں پانی کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔ کٹاریاں کے مقام پر پانی کا بہاؤ 5 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 3 فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ نشیبی علاقوں میں عملہ بھاری مشینری کے ہمراہ موجود ہے۔واضح رہے کہ منگل کے روز بھی راولپنڈی میں 230 ملی میٹر بارش کے بعد گلیاں اور سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی تھیں، متعدد گاڑیاں پانی میں ڈوب گئی تھیں جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا تھا۔راولپنڈی میں گھر کے اندر بجلی کا کرنٹ لگنے اور اسلام آباد میں چھت گرنے کے واقعات میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.