پاک امریکا اقتصادی شراکت داری دیرپا تعلقات کی بنیاد ہے: سفیر پاکستان
اسلام آباد( ترکیہ خبر) امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاک امریکا شراکت داری دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور دیرپا تعلقات کے لیے اہم کردار ادا کرے گی۔واشنگٹن میں پاکستانی سفیر نے امریکی بین الاقوامی ترقیاتی مالیاتی کارپوریشن (ڈی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بینجمن بلیک سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعاون، سرمایہ کاری کے فروغ اور اقتصادی شراکت داری کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران رضوان سعید شیخ نے پاکستان میں توانائی، انفراسٹرکچر، معدنیات، آئی ٹی اور بندرگاہوں سمیت اہم شعبوں میں ڈی ایف سی کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کو سراہا۔دونوں فریقین نے جاری اور ممکنہ منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا، جبکہ مستقبل میں تعاون کے لیے ترجیحی شعبوں کی بھی نشاندہی کی گئی۔اس موقع پر پاکستانی سفیر نے ڈی ایف سی کے سربراہ کو پاکستان میں تیار کیا جانے والا فیفا ورلڈکپ کا آفیشل فٹبال "ٹرائیونڈا" بطور تحفہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان میں تیار کردہ فٹبال کا مسلسل انتخاب ملک کے لیے باعث فخر ہے۔بینجمن بلیک نے پاکستانی فٹبال کے معیار اور ملک کی صنعتی صلاحیتوں کو سراہا۔ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی، انفراسٹرکچر کی بہتری اور باہمی اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاک امریکا اقتصادی شراکت داری دونوں ممالک کے درمیان مستحکم اور طویل المدتی تعلقات کی ضمانت ثابت ہوگی۔