صوبوں کے قیام پر جلد بازی وفاقی یکجہتی کے خلاف ہوگی: بیرسٹر گوہر

صوبوں کے قیام پر جلد بازی وفاقی یکجہتی کے خلاف ہوگی: بیرسٹر گوہر

اسلام آباد( تر کیہ خبر) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے متنازع قانون سازی سے گریز کیا جائے، جلد بازی میں ایسا فیصلہ وفاق کی یکجہتی کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو سیاسی قیادت اور اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔ علامہ راجہ ناصر اور محمود خان اچکزئی کی ملاقات بھی انتہائی ضروری ہے۔ محمود خان اچکزئی نے الیکشن کمیشن سے متعلق معاملے پر وزیراعظم کو خط لکھا ہے، جس کا نوٹس لیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش پہلے بھی صرف پیشکش تک محدود رہی، اب مذاکرات کے معاملے پر عملی پیش رفت ہونی چاہیے۔ اگر معاملات خود سے طے کرنے کی کوشش کی گئی تو عوام کا سیلاب آئے گا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے سندھ کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا بھرپور استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے استقبال سے واضح ہوتا ہے کہ عوام جمود اور موجودہ طرزِ حکمرانی کو قبول نہیں کرنا چاہتی۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے معاملے پر پوائنٹ اسکورنگ یا سیاسی بیانات نہیں ہونے چاہئیں۔ پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت اور را ملوث نکلے ہیں، اس لیے دہشت گردی کے خلاف قومی سیاسی قیادت کو سنجیدہ رویہ اختیار کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہری اور سکیورٹی فورسز قربانیاں دے رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ سنجیدہ ہے اور اس پر تفصیلی بحث ہونی چاہیے۔ صوبوں کے قیام کے لیے متنازع قانون سازی نہیں ہونی چاہیے، سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں عوامی نمائندوں اور عوام کی مرضی کے بغیر تقسیم سے مزید پیچیدگیاں پیدا ہوں گی۔ صوبوں کے قیام پر اٹھارہویں ترمیم کی طرز پر مشاورت ہونی چاہیے، جبکہ جلد بازی میں کیا گیا فیصلہ وفاق کی یکجہتی کے خلاف ہوگا۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.