حج 2027 کا پورا عمل ڈیجیٹل، عازمین گھر بیٹھے درخواست اور ادائیگی کر سکیں گے
اسلام آباد ( تر کیہ خبر) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر حج 2027 کا مکمل عمل ڈیجیٹل کردیا گیا ہے، جس کے تحت عازمین گھر بیٹھے پاک حج درخواست اور ڈیجیٹل نظام کے ذریعے چند منٹ میں درخواست جمع اور واجبات ادا کرسکیں گے۔اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ تقریباً 4 لاکھ پہلے سے رجسٹرڈ عازمین حج درخواست کے آخری مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں۔ نئے نظام کا مقصد عازمین کو طویل قطاروں، غیر ضروری سفر اور اضافی اخراجات سے نجات دلانا ہے۔سردار محمد یوسف کے مطابق حج واجبات کی ادائیگی کے لیے 3 ڈیجیٹل ذرائع دستیاب ہوں گے، جبکہ سرکاری حج سکیم 2027 کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار 526 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ 40 روزہ طویل حج سکیم کا پیکیج 12 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے۔وزارت مذہبی امور کے مطابق حج 2027 کی پہلی قسط 17 اگست سے وصول کی جائے گی اور منتخب حج پیکیج کی 50 فیصد رقم پہلی قسط میں جمع کرانا ہوگی۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ حبیب بینک لمیٹڈ کو وزارت مذہبی امور کا مجاز بینکاری شراکت دار مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے دونوں اداروں کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے ہیں۔حبیب بینک کے نمائندے محمد اسد خان کے مطابق بینک ملک بھر میں 1700 سے زائد شاخوں کے ذریعے عازمین کو خدمات فراہم کرے گا اور اسلامی بینکاری کے تحت ان سے کوئی اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔سردار محمد یوسف نے کہا کہ حج کے عمل کو ڈیجیٹل بنانے سے عازمین کو آسان، شفاف اور تیز خدمات کی فراہمی ممکن ہوگی۔