پٹرولیم قیمتیں واپس نہ ہوئیں تو دھرنا ملک گیر کر دیں گے: حافظ نعیم
لاہور( تر کیہ خبر) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا تو جماعت اسلامی اپنے دھرنے کا دائرہ ملک بھر تک وسیع کر دے گی۔صوبائی دارالحکومت میں جماعت اسلامی کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے ایف بی آر کو نااہل اور کرپٹ ادارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ٹیکس اہداف حاصل نہیں کر رہا، جبکہ بجلی کے بلوں کے ذریعے عوام سے ہزاروں ارب روپے وصول کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ماضی میں بھی آئی پی پیز کو بے نقاب کرچکی ہے۔ حکومتوں نے آئی پی پیز کے نام پر عوام کے ساتھ ناانصافی کی اور قومی خزانے سے فائدہ اٹھا کر طاقتور طبقے کو مزید مضبوط کیا، اس لیے اب بھی آئی پی پیز کے معاملے پر بات کرنے کی ضرورت ہے۔امیر جماعت اسلامی کے مطابق پنجاب بھر سے جماعت اسلامی کے 1400 کارکن گرفتار کیے گئے، تاہم جماعت اسلامی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی انتظامی یونٹس کے خلاف نہیں، تاہم آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور مہنگائی کے خلاف عوام کی آواز بن رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے رات گئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا، حالانکہ پٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق پٹرولیم لیوی کا پٹرول کی قیمت سے کوئی تعلق نہیں۔ حکومت کو قیمتوں میں اضافہ واپس لینا ہوگا، بصورت دیگر جماعت اسلامی ملک گیر ہڑتال کا اعلان کرے گی۔حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کے خلاف احتجاج کے نتیجے میں حکومت کو اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرنا پڑی اور دھرنوں کے باعث حکومتی حلقوں میں بھی تشویش پیدا ہوئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آئی پی پیز کا ٹیکس پاکستان کے خزانے میں جمع نہیں ہوتا، یہ نظام اشرافیہ کے مفادات کا تحفظ کر رہا ہے اور حکمران طبقے کی پالیسیوں نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔