پی ٹی آئی کے مطالبات جائز، گورنر راج حکومت کو بھاری پڑے گا:حافظ نعیم

پی ٹی آئی کے مطالبات جائز، گورنر راج حکومت کو بھاری پڑے گا:حافظ نعیم

کراچی ( تر کیہ خبر) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے مطالبات درست ہیں، گورنر راج کا فیصلہ حکومت کے لیے مشکلات پیدا کرے گا۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی ہونی چاہیے، عوام کو ریلیف نہ دیا گیا تو لانگ مارچ کے سوا کوئی راستہ باقی نہیں رہے گا۔انہوں نے کہا کہ سیاسی محاذ آرائی کے باعث عوام کے بنیادی مسائل پسِ پشت چلے گئے ہیں، سیاسی جماعتیں جن لوگوں کے ووٹ اور حمایت سے اقتدار تک پہنچتی ہیں، انہی کے مسائل نظر انداز کر رہی ہیں۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے عوام کی زندگی مشکل بنا دی ہے جبکہ بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ بھی بدستور جاری ہے۔ ٹرانسپورٹ، تعلیم، صحت اور روزگار عوام کے بنیادی مسائل ہیں۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت کم کرنا عوام کا بنیادی مطالبہ ہے، حکومت عالمی منڈی میں پیٹرول مہنگا ہونے کو قیمتوں میں اضافے کی وجہ قرار دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے احتجاج کے نتیجے میں حکومت پیٹرول کی قیمتوں پر مذاکرات کے لیے آمادہ ہوئی، تاہم مذاکرات کے باوجود جماعت اسلامی نے احتجاج ختم نہیں کیا۔ ملک بھر میں پیٹرول کی قیمتوں کے خلاف احتجاج جاری ہے۔حافظ نعیم الرحمان کے مطابق عوام کو ملنے والا معمولی ریلیف بھی جماعت اسلامی کے احتجاج کا نتیجہ ہے۔ لاہور میں جلسے کی اجازت نہ ملنے کے باوجود احتجاج کیا گیا جبکہ عوامی رائے جاننے کے لیے احتجاجی کیمپ اور ریلیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات ہوئی تو پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کے معاملے پر واضح مؤقف اختیار کیا جائے گا۔ جماعت اسلامی جس مرحلے تک پہنچ چکی ہے، وہاں سے پیچھے ہٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.