ریاض ( مانیٹرنگ ڈیسک) خلیجی ممالک نے امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ نئی فوجی کشیدگی کو روکنے کیلئے سفارتی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں، جبکہ ایک سابق امریکی سفارتکار نے خبردار کیا ہے کہ ثالثی ناکام ہونے کی صورت میں دونوں ممالک دوبارہ جنگ کی طرف جا سکتے ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کے سابق سینئر عہدیدار اور سابق سفیر جوئی ہڈ نے کہا ہے کہ اگر بیرونی طاقتوں نے مؤثر سفارتی کردار ادا نہ کیا تو امریکا اور ایران کے درمیان فوجی تصادم دوبارہ شروع ہو سکتا ہے۔الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روس، چین یا خلیجی ممالک اگر صورتحال بہتر بنانے میں ناکام رہے تو خطہ ایک نئی جنگ کی طرف بڑھ سکتا ہے۔جوئی ہڈ کے مطابق کئی ممالک کو امید تھی کہ چین امن مذاکرات میں فعال کردار ادا کرے گا، تاہم بیجنگ نے اس معاملے میں محتاط رویہ اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے خلیجی ممالک نے خود سفارتی کوششیں تیز کرنے کا فیصلہ کیا۔سابق امریکی عہدیدار نے امید ظاہر کی کہ خلیجی ممالک کی ثالثی خطے میں کشیدگی کم کرنے اور ممکنہ جنگ کو روکنے میں کامیاب ہو سکتی ہے۔