ترکیہ خبر

گلگت بلتستان انتخابات، 21 کامیاب امیدواروں اور مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری

گلگت بلتستان انتخابات، 21 کامیاب امیدواروں اور مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری

 اسلام آباد( ترکیہ خبر)الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے عام انتخابات 2026 کے نتائج کے بعد 24 جنرل نشستوں میں سے 21 کامیاب امیدواروں سمیت خواتین اور ٹیکنوکریٹس کی مخصوص نشستوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق تین امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشن سپریم اپیلیٹ کورٹ کے احکامات کی روشنی میں روک دیے گئے ہیں۔جاری کردہ نوٹیفکیشن الیکشن ایکٹ 2017 اور الیکشن رولز 2017 کے تحت جاری کیا گیا، جس کے مطابق گلگت بلتستان اسمبلی کی جنرل نشستوں پر کامیاب امیدواروں کے نام سرکاری طور پر جاری کر دیے گئے ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز نے جنرل نشستوں پر سب سے زیادہ کامیابیاں حاصل کیں، جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن)، مجلس وحدت مسلمین اور آزاد امیدوار بھی اسمبلی کا حصہ بن گئے ہیں۔الیکشن کمیشن نے بتایا کہ کامیاب امیدواروں کا اعلان سرکاری نتائج اور تمام قانونی تقاضے مکمل ہونے کے بعد کیا گیا ہے۔خواتین اور ٹیکنوکریٹس کی مخصوص نشستوں کا اعلانالیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے خواتین اور ٹیکنوکریٹس کے لیے مخصوص نشستوں پر بھی کامیاب امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔خواتین کی چھ مخصوص نشستوں میں سے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کو تین نشستیں ملیں، جن پر کلثوم جہانگیر، سعدیہ دانش اور ثوبیہ جبیں کامیاب قرار پائیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کو دو مخصوص نشستیں ملیں، جن پر ساجدہ بیگم اور جینیفر بہادر کامیاب قرار دی گئیں، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کو ایک نشست ملی جس پر دلشاد بانو کامیاب قرار پائیں۔ٹیکنوکریٹس کی تین نشستوں پر پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے محمد شریف، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صاحب خان اور استحکام پاکستان پارٹی کے محمد علی کامیاب قرار دیے گئے۔الیکشن کمیشن کے مطابق مخصوص نشستوں کی تقسیم سیاسی جماعتوں کی اسمبلی میں نمائندگی اور جمع کرائی گئی ترجیحی فہرستوں کی بنیاد پر کی گئی ہے، جس کے بعد تمام کامیاب امیدواروں کی کامیابی باضابطہ طور پر نافذ العمل ہو گئی ہے۔