امریکا اور اسرائیل کے ساتھ حالیہ جنگ میں ایران کامیاب رہا : قالیباف
تہران( مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ حالیہ جنگ میں ایران کامیاب رہا ہے۔باقر قالیباف نے کہا کہ اس کامیابی کو سیاسی، قانونی اور سفارتی سطح پر بھی مضبوط بنانا ضروری ہے، جبکہ دنیا کو ایران کی جنگی کامیابی کو تسلیم کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایران کو مزید مضبوط بنانے کے لیے قومی اتحاد ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کے بعد سے ایرانی قیادت مضبوط ایران کے مؤقف پر زور دے رہی ہے۔ایرانی اسپیکر نے کہا کہ قومی طاقت کے حصول کے لیے اتحاد، یکجہتی اور قیادت پر اتفاق ضروری ہے، جبکہ ایران کو مضبوط بنانے کے لیے ہر شہری، خاندان اور پورے معاشرے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔محمد باقر قالیباف نے آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد کے حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی گھنٹوں میں عوام کو سڑکوں پر نکلنے کی اپیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد 29 فروری کی رات اعلیٰ حکام کا اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ اعلان اگلے روز صبح 8 بجے کیا جائے گا، تاہم غیر ملکی میڈیا میں خبر نشر ہونے کے بعد اعلان مقررہ وقت سے پہلے کرنا پڑا۔قالیباف کے مطابق یہ فیصلہ ان کی اور اس وقت کے سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی کے درمیان مشاورت سے کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ طے کیا گیا تھا کہ سابق رہنما کی شہادت کا اعلان صبح کے وقت کیا جائے گا اور عوام سے ملک کے دفاع کے لیے سڑکوں پر نکلنے کی اپیل کی جائے گی۔