پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال، چناب میں پانی کا بہاؤ مستحکم
لاہور( ترکیہ خبر) مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے، تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دریاؤں میں پانی کا بہاؤ مجموعی طور پر مستحکم رہا۔ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ اور چشمہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ تربیلا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 42 ہزار، کالا باغ میں 3 لاکھ 9 ہزار جبکہ چشمہ میں 2 لاکھ 93 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔دریائے چناب میں سیلابی صورتحال میں کمی آئی ہے اور اونچے درجے سے درمیانے درجے پر آ گئی ہے۔ مرالہ، خانکی اور قادر آباد کے مقامات پر درمیانے درجے کا سیلاب موجود ہے، جہاں پانی کا بہاؤ بالترتیب 2 لاکھ 8 ہزار، 1 لاکھ 65 ہزار اور 1 لاکھ 90 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج اور جہلم میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، جبکہ دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 83 ہزار کیوسک ہے۔ راوی میں جسڑ، شاہدرہ اور ہیڈ سدھنائی کے مقامات پر صورتحال نارمل ہے۔ادارے کے مطابق نارووال میں نالہ بسنتر پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے، جبکہ بعض دیگر نالوں میں درمیانے اور نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے بتایا کہ دریائے چناب کے بالائی کیچمنٹس میں بارشیں رک چکی ہیں، جس کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں سے دریا میں پانی کا بہاؤ مستحکم ہے۔