بھارت سے پانی کا ریلا پہنچنے کا خدشہ، فلڈ الرٹ جاری
لاہور، اسلام آباد( تر کیہ خبر) بھارت کی جانب سے سلال ڈیم سے مسلسل گیارہویں مرتبہ پانی چھوڑے جانے کے بعد پاکستان میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ دریائے سندھ میں پانی کی سطح بڑھنے سے سیہون کے متعدد دیہات زیر آب آ گئے ہیں۔حکام کے مطابق بھارت سے تقریباً 90 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ پاکستان پہنچنے کا امکان ہے۔ ملک کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے سندھ کے مختلف مقامات پر نچلے اور درمیانے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔تربیلا اور منگلا ڈیم میں بھی پانی کی سطح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دریائے سندھ میں سکھر بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ کالا باغ، چشمہ اور گڈو بیراج پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال موجود ہے۔دریائے راوی پر ہیڈ بلوکی کے مقام پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ دریائے جہلم، چناب، ستلج، راوی اور کابل کے بیشتر مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔چاچڑان شریف اور بے نظیر پل کے مقامات پر پانی کے بہاؤ میں کمی ریکارڈ ہوئی، جہاں پانی کا اخراج 2 لاکھ 18 ہزار 978 کیوسک رہا۔رپورٹ کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح بڑھ کر ایک ہزار 539 فٹ تک پہنچ گئی ہے اور ڈیم 89 فیصد بھر چکا ہے، جو گزشتہ سال کی سطح کے برابر ہے۔ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح ایک ہزار 196 فٹ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ڈیم 57 فیصد بھر چکا ہے۔متعلقہ اداروں نے دریاؤں اور نشیبی علاقوں کی صورتحال پر نظر رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔