شمالی قبرص کے قریب فیری ڈوب گئی، 8 افراد ہلاک، 17 لاپتہ
نکوسیا( مانیٹر نگ ڈیسک) شمالی قبرص کے ساحل کے قریب تقریباً 267 مسافروں اور عملے کو لے جانے والی نجی فیری الٹنے کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد ہلاک جبکہ 17 لاپتہ ہوگئے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فیری شمالی قبرص کے شہر کرینیا سے ترکیہ کی بندرگاہ تاسوچو کے لیے روانہ ہوئی تھی کہ کچھ ہی دیر بعد اس میں اچانک پانی داخل ہونا شروع ہوگیا۔ فیری پر 259 مسافر اور عملے کے 8 ارکان سوار تھے۔حادثے کے بعد متعدد مسافر الٹی ہوئی فیری پر چڑھ کر امداد کے منتظر رہے، جبکہ ساحلی محافظوں، ہیلی کاپٹروں اور نجی کشتیوں نے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور درجنوں افراد کو سمندر سے بحفاظت نکال لیا گیا۔رائٹرز کے مطابق بعض زندہ بچ جانے والے مسافروں نے بتایا کہ فیری غیر معمولی انداز میں حرکت کر رہی تھی اور پانی سے ٹکرانے کے بعد اس کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا، جس کے باعث پانی اندر داخل ہوگیا۔حادثے کے بعد فیری تقریباً 514 میٹر گہرے سمندر میں ڈوب گئی، جس سے لاپتہ افراد کی تلاش مزید دشوار ہوگئی۔ ترکیہ سے اضافی بحری اور فضائی امدادی وسائل بھی سرچ آپریشن میں شامل کرلیے گئے ہیں۔شمالی قبرص کے حکام نے فیری کے کپتان اور عملے کے ارکان کو تحقیقات کے لیے حراست میں لے لیا ہے اور کہا ہے کہ حادثے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔ حادثے کے بعد شمالی قبرص میں تین روزہ سوگ کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔