آزاد کشمیر معاملے پر مولانا فضل الرحمان کی ثالثی کی پیشکش

آزاد کشمیر معاملے پر مولانا فضل الرحمان کی ثالثی کی پیشکش

 اسلا م آباد( ترکیہ خبر)جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے انہیں ثالثی کے لیے رابطہ کیا اور اس سلسلے میں ایک وفد بھی ان سے ملاقات کے لیے آیا تھا۔اسلام آباد میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جاری صورتحال کے حل کے لیے وہ اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی پارلیمان میں ان کی ثالثی کی حمایت کی، حالانکہ وہ حکومتی اتحاد کا حصہ ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کے مطابق دونوں رہنما وزیراعظم شہباز شریف کو بھی اس حوالے سے پیغام دے رہے ہیں اور امید ہے کہ حکومت صورتحال کے حل کے لیے مثبت اقدامات کرے گی۔جے یو آئی سربراہ نے مزید کہا کہ اگر آزاد کشمیر میں ان کی جماعت اور پیپلز پارٹی کے درمیان انتخابی اتحاد ہوتا ہے تو وہ اس کی حمایت کریں گے۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے ملکی سیاست میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے اور وہ آزاد کشمیر میں جاری احتجاجی صورتحال کے حوالے سے ان سے مشاورت کے لیے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں کو احتجاجی سیاست کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔

© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.