پاکستان، سعودی تعلقات امتِ مسلمہ کی طاقت ہیں: مولانا فضل الرحمان

پاکستان، سعودی تعلقات امتِ مسلمہ کی طاقت ہیں: مولانا فضل الرحمان

اسلام آباد( ترکیہ خبر) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ایمان، اخوت اور مشترکہ اسلامی مفادات پر مبنی ہیں، جو امتِ مسلمہ کے لیے طاقت اور یکجہتی کا اہم ذریعہ ہیں۔انہوں نے رابطۂ عالمِ اسلامی کے زیر اہتمام پاکستانی علمائے کرام کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے مضبوط تعلقات امتِ مسلمہ کے اتحاد اور استحکام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔اجلاس میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، رابطۂ عالمِ اسلامی کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ، مفتی محمد تقی عثمانی، مولانا محمد حنیف جالندھری سمیت ملک بھر کے ممتاز علمائے کرام نے شرکت کی۔مولانا فضل الرحمان نے معزز مہمانوں اور شرکائے اجلاس کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ رابطۂ عالمِ اسلامی اتحادِ امت، اعتدال اور رواداری کے فروغ کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہا ہے، جبکہ شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کی پاکستان آمد خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا مؤثر حل اتحاد، اعتدال اور باہمی تعاون میں پوشیدہ ہے، جبکہ علماء کا باہمی اتفاق امت کے استحکام اور روشن مستقبل کی ضمانت بن سکتا ہے۔جے یو آئی کے سربراہ نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی اس علمی و مشاورتی اجلاس کے انعقاد میں کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی مشترکہ عقیدے، تاریخی روابط اور بھائی چارے پر قائم ہے، جو مستقبل میں مزید مضبوط ہوگی۔خطاب کے اختتام پر مولانا فضل الرحمان نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت و سلامتی، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی کامیابی، اور مملکتِ سعودی عرب کے امن، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.