اغوا کی جھوٹی اطلاع پر اسرائیلی جنگی طیارے حرکت میں آ گئے

اغوا کی جھوٹی اطلاع پر اسرائیلی جنگی طیارے حرکت میں آ گئے

 تل ابیب( مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیلی فوج کے مطابق ایک مسافر طیارے کے مبینہ اغوا کی اطلاع ملنے پر دو جنگی طیاروں کو فوری طور پر فضا میں روانہ کیا گیا، تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ یہ اطلاع غلطی کے باعث جاری ہوئی تھی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ منگل کے روز پیش آیا، جب پولینڈ سے تعلق رکھنے والے ایک مسافر طیارے کے پائلٹ نے غلطی سے ہنگامی کوڈ جاری کر دیا، جسے طیارے کے اغوا کی علامت سمجھا جاتا ہے۔پولش ایئر لائن کی یہ پرواز بلغاریہ کی کمپنی الیکٹرا ایئر ویز کے انتظام میں وارسا سے تل ابیب کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ دورانِ پرواز عملے کی ایک غلطی کے باعث کنٹرول روم کو طیارے کے اغوا کی اطلاع موصول ہوئی۔ایئر لائن کے ترجمان کے مطابق بعد ازاں تصدیق ہوئی کہ ہنگامی سگنل غیر ارادی طور پر جاری ہوا تھا اور طیارہ مکمل طور پر محفوظ تھا۔بلغاریہ کی وزارت دفاع کے مطابق طیارے سے غلطی سے کوڈ 7500 نشر ہو گیا تھا، جو فضائی نظام میں عموماً طیارے کے اغوا یا کسی سنگین ہنگامی صورتحال کی نشاندہی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.