برآمدات کو ایٹمی پروگرام جتنی قومی اہمیت دینا ہوگی، احسن اقبال
اسلام آباد( ترکیہ خبر)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نے معرکہ حق اور معرکہ سفارت کاری میں کامیابیاں حاصل کر لی ہیں اور اب پاکستان کو معرکہ معیشت جیتنا ہے، جس کے لیے ملکی برآمدات کو ایٹمی پروگرام کے مساوی قومی اہمیت دینا ہوگی۔وزارت منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کی ماہانہ ترقیاتی رپورٹ کے اجرا کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ 2025-26 کے دوران سیلاب، عالمی تجارتی کشیدگی اور مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال جیسے بیرونی چیلنجز کے باوجود پاکستان کی معیشت استحکام کی جانب گامزن رہی۔انہوں نے بتایا کہ مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران معیشت اپنی مقررہ رفتار سے آگے بڑھتی رہی، تاہم عالمی حالات، تیل کی قیمتوں میں اضافے اور سپلائی چین میں رکاوٹوں کے باعث شرح نمو 3.7 فیصد رہی۔وفاقی وزیر کے مطابق یہ شرح نمو گزشتہ چار برسوں کے دوران ملکی معیشت کی بلند ترین شرح نمو قرار دی جا رہی ہے۔