یورپی یونین کی روسی بینکوں اور کرپٹو اداروں پر نئی پابندیاں
ماسکو: (مانیٹرنگ ڈیسک) یورپی یونین نے روس کے خلاف پابندیوں کے اکیسویں پیکج کے تحت مالیاتی اور بینکاری شعبے پر دباؤ مزید بڑھا دیا ہے۔ نئے اقدامات کے تحت روس کے متعدد بینکوں، مالیاتی اداروں اور کرپٹو کرنسی خدمات فراہم کرنے والے پلیٹ فارمز کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔یورپی یونین کی کونسل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ 94 روسی بینکوں اور بڑے مالیاتی اداروں کے اثاثے منجمد کیے جا رہے ہیں، جبکہ انہیں کسی بھی قسم کی مالی معاونت یا فنڈز کی فراہمی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ روسی بینکاری شعبے سے وابستہ ایک اہم شخصیت کو بھی پابندیوں کا سامنا کرنا ہوگا۔بیان کے مطابق یورپی یونین نے مزید 33 روسی قرضہ اور مالیاتی اداروں کے ساتھ مالی لین دین پر پابندی لگا دی ہے۔یورپی یونین نے روس کے مالی پیغامات کی منتقلی کے نظام ایس پی ایف ایس سے مبینہ تعلق کے باعث کرغزستان کے ایک بینک پر بھی پابندی عائد کر دی ہے، جبکہ پابندیوں سے بچنے میں مبینہ مدد فراہم کرنے والے تین دیگر غیر روسی بینکوں کو بھی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سرحد پار مالیاتی نیٹ ورک اے سیون سے منسلک مزید چار اداروں کو بھی پابندیوں کا نشانہ بنایا گیا ہے، جن میں افریقی ممالک سے متعلق نئے روابط رکھنے والے ادارے بھی شامل ہیں۔اس کے علاوہ جارجیا، پاناما، متحدہ عرب امارات، مارشل جزائر، کرغزستان اور بیلاروس میں قائم 14 کرپٹو کرنسی خدمات فراہم کرنے والے پلیٹ فارمز کے ساتھ مالی لین دین پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔یورپی یونین نے پہلی بار یہ اختیار بھی شامل کیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر تیسرے ممالک میں قائم کرپٹو اثاثہ خدمات فراہم کرنے والے اداروں پر مکمل پابندی عائد کی جا سکے گی۔یورپی یونین کے مطابق ان اقدامات کا مقصد ان ممالک اور پلیٹ فارمز کی حوصلہ شکنی کرنا ہے جو مبینہ طور پر روس کو یورپی پابندیوں سے بچنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ نئے ضابطے کے تحت یورپی اداروں کو ایسے کرپٹو خدمات فراہم کرنے والوں کے ساتھ لین دین سے روکا جا سکے گا جنہیں روس پابندیوں سے بچنے کے لیے استعمال کرتا ہے۔