الیکشن قوانین میں بڑی تبدیلیوں کی تیاری، اصلاحاتی کمیٹی فعال
اسلام آباد( ترکیہ خبر)الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات سے قبل انتخابی نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے آئین اور انتخابی قوانین میں ضروری ترامیم کا فیصلہ کرلیا ہے۔اس مقصد کے لیے الیکشن کمیشن نے اپنی قانونی اصلاحات کمیٹی کو فعال کر دیا ہے، جس میں ادارے کے اعلیٰ حکام، قانونی ماہرین اور مختلف شعبوں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ کمیٹی موجودہ انتخابی قوانین اور آئینی شقوں کا تفصیلی جائزہ لے گی۔ذرائع کے مطابق کمیٹی عام انتخابات 2024 کے دوران سامنے آنے والی قانونی اور آئینی مشکلات کا بھی جائزہ لے گی اور ان کی روشنی میں بہتری کے لیے سفارشات مرتب کرے گی۔ الیکشن کمیشن انتخابی قوانین کو جدید تقاضوں کے مطابق بنانے اور انہیں مزید مؤثر بنانے کے لیے قانونی ڈھانچے کا ازسرنو جائزہ لے گا۔الیکشن کمیشن آئین، انتخابی قانون 2017 اور انتخابی قواعد 2017 میں ممکنہ ترامیم کی تجاویز تیار کرے گا۔ اس عمل کا مقصد انتخابی قوانین کو عالمی معیار کے بہترین طریقہ کار سے ہم آہنگ کرنا اور انتخابی عمل میں موجود خامیوں کو دور کرنا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابی قوانین کا بنیادی مقصد شفاف، منصفانہ اور یکساں انتخابات کو یقینی بنانا ہے۔ الیکشن کمیشن نے آئینی انتخابی شقوں کا جائزہ 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، جبکہ انتخابی قانون 2017 اور انتخابی قواعد 2017 کے جائزے کا عمل دسمبر 2026 تک مکمل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔اس کے علاوہ بلدیاتی قوانین کو انتخابی قانون اور قواعد کے مطابق بنانے کے لیے بھی تجاویز تیار کی جائیں گی۔ نئی قانون سازی کے بعد بلدیاتی قوانین میں ترامیم سے متعلق اپنی سفارشات الیکشن کمیشن تین ماہ کے اندر پیش کرے گا۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ان اصلاحات کا مقصد انتخابی نظام کو بدلتے ہوئے حالات کے مطابق مؤثر بنانا اور جمہوری اصولوں کے تحت شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنانا ہے۔