مصر کا مکہ دفاعی معاہدے میں شمولیت پر سنجیدہ غور
قاہرہ( مانیٹرنگ ڈیسک) مصر نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے میں شمولیت کے معاملے پر سنجیدگی سے غور شروع کردیا ہے۔مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے کہا کہ مصر کے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ تینوں ممالک کے ساتھ گہرے اور خصوصی تعلقات ہیں، جو محض سیاسی شعبے تک محدود نہیں ہیں۔مکہ دفاعی معاہدے میں شمولیت سے متعلق سوال پر بدر عبدالعاطی نے بتایا کہ مصر ابتدا ہی سے اس معاہدے سے آگاہ ہے اور اس معاملے کا ریاستی اداروں کی سطح پر جامع جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ حتمی فیصلہ کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ دفاعی معاہدوں اور ان سے وابستہ ذمہ داریوں کے حوالے سے مصر کے آئینی اور قانونی تقاضوں کے مطابق مکمل جانچ ضروری ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ نے مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت کسی ایک ملک پر حملہ تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔