ترکیہ خبر

اختلافات کے باعث امریکی بحریہ کے وزیر جان فیلن برطرف، نیا عبوری سربراہ مقرر

اختلافات کے باعث امریکی بحریہ کے وزیر جان فیلن برطرف، نیا عبوری سربراہ مقرر

وا شنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر نے کہا ہے کہ انہوں نے امریکی بحریہ کے وزیر جان فیلن کو جہاز سازی سے متعلق اختلافات کے باعث عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر نے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جان فیلن ایک محنتی اور سخت مزاج افسر تھے تاہم ان کے دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ نئے جنگی جہازوں کی تیاری اور خریداری کے معاملات پر اختلافات پیدا ہو گئے تھے۔صدر کے مطابق بعض امور پر ان کی رائے مختلف تھی، خصوصاً بحری جہازوں کی تیاری اور دفاعی خریداری کے منصوبوں پر۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں ایسے اختلافات معمول کی بات ہیں اور ہر معاملے میں مختلف آراء سامنے آتی رہتی ہیں۔رپورٹس کے مطابق باخبر ذرائع نے بتایا تھا کہ جان فیلن کو اس وجہ سے ہٹایا گیا کیونکہ وہ بحریہ میں اصلاحات اور جہاز سازی کے عمل کو تیز کرنے میں توقعات کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا رہے تھے۔ تاہم دفاعی محکمے کی جانب سے ان کی برطرفی کی کوئی واضح سرکاری وجہ بیان نہیں کی گئی۔ادھر بحریہ کے انڈر سیکرٹری ہنگ کاؤ کو قائم مقام سیکرٹری مقرر کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ان کے اور سابق وزیر کے درمیان بھی پیشہ ورانہ تعلقات خوشگوار نہیں تھے۔