اسلام آباد( ترکیہ خبر)متحدہ عرب امارات کی ایک بجٹ ایئرلائن نے آپریشنل مسائل کے باعث پاکستان کے تین بڑے شہروں لاہور، اسلام آباد اور پشاور کیلئے اپنی پروازیں 26 اکتوبر 2026 تک معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق ایئرلائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دیگر پاکستانی شہروں، جن میں کراچی، سیالکوٹ، ملتان، فیصل آباد اور کوئٹہ شامل ہیں، کیلئے فضائی آپریشن معمول کے مطابق جاری رہے گا۔ایئرلائن حکام کے مطابق متاثرہ مسافروں کیلئے ٹکٹوں کی رقم واپس کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ سہولت کے پیش نظر دیگر ایئرلائنز پر ری بکنگ کا آپشن بھی فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ مسافروں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خطے میں جاری کشیدہ صورتحال کے باعث خلیجی فضائی آپریشنز کو شدید چیلنجز درپیش ہیں۔ گزشتہ مارچ کے دوران دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کی تعداد میں 66 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے اثرات فضائی کمپنیوں کی حکمت عملی پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔اقتصادی ماہرین کے مطابق علاقائی تناؤ کے پیش نظر خلیجی ایئرلائنز کی جانب سے آپریشن محدود کرنا تشویشناک پیش رفت ہے، جس سے نہ صرف مسافروں کی سفری منصوبہ بندی متاثر ہوئی ہے بلکہ پاکستانی تارکین وطن کیلئے دبئی تک رسائی بھی محدود ہوئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ حالات بہتر ہونے پر ان روٹس پر دوبارہ پروازیں بحال کیے جانے کا امکان ہے۔
دبئی کی بجٹ ایئرلائن نے لاہور، اسلام آباد اور پشاور کیلئے پروازیں معطل کر دیں
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان