پشاور ( ترکیہ خبر) حکومتی جماعت کے ناراض ارکان کے دوسرے اجلاس میں بانی تحریک انصاف کی رہائی کے لیے باقاعدہ تحریک چلانے کا اعلان کیا گیا۔ اجلاس میں بیس سے زائد ارکان نے شرکت کی اور موجودہ حکمت عملی پر تحفظات کا اظہار کیا۔شرکا کا کہنا تھا کہ مؤثر اور قابلِ عمل منصوبہ بندی نہ ہونے کے باعث بانی تحریک انصاف سے ملاقات کی کوششیں کامیاب نہیں ہو سکیں۔ ان کے مطابق وزیر اعلیٰ اور دیگر منتخب نمائندوں نے متعدد بار جیل کے باہر انتظار کیا، تاہم کوئی پیشرفت سامنے نہیں آئی۔ناراض ارکان نے مؤقف اختیار کیا کہ پارٹی کی جانب سے چلائی جانے والی مہم غیر منظم دکھائی دیتی ہے، جس سے سنجیدگی کا تاثر نہیں ملتا۔اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ پر بھی گفتگو ہوئی۔ ارکان نے علیمہ خان کے مؤقف کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بانی تحریک انصاف سے وزیر اعلیٰ اور اہلِ خانہ کی ملاقات تک بجٹ ایوان میں پیش نہ کیا جائے۔