ہیڈ لائن:ججز تعیناتی سمری تاخیر کا معاملہ، صدر و وزیراعظم کو نوٹس جاری

ہیڈ لائن:ججز تعیناتی سمری تاخیر کا معاملہ، صدر و وزیراعظم کو نوٹس جاری

اسلام آباد ( تر کیہ خبر) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نئے ججز کی تعیناتی سے متعلق سمری کی منظوری میں تاخیر کے معاملے پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم اور وزارت قانون کو کل کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔عدالت نے استفسار کیا کہ ججز کی تعیناتی کی سمری اس وقت کس مرحلے پر زیر التوا ہے؟ درخواست گزار لقمان ظفر کی جانب سے زاہد آصف چودھری نے دلائل دیے۔سماعت کے دوران جسٹس ارباب محمد طاہر نے وفاقی حکومت کی کارکردگی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرتی دکھائی نہیں دے رہی۔ انہوں نے سوال کیا کہ اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی تعیناتی کے معاملات کے ساتھ کیا ہورہا ہے۔جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ سمری کو اس طرح زیر التوا نہیں رکھا جاسکتا، 15 دن کی مدت گزرنے کے بعد اب 18 روز ہوچکے ہیں۔ انہوں نے سندھ اور پشاور ہائیکورٹ کے ججز کی توثیق کا معاملہ بھی زیر التوا ہونے پر سوال اٹھایا۔وکیل زاہد آصف چودھری نے مؤقف اختیار کیا کہ آئین میں مدت گزرنے کے بعد کی صورتحال واضح ہے اور صدر سمری کو غیر معینہ مدت تک روک نہیں سکتے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل راشد حفیظ نے کہا کہ صدر اب سمری مسترد بھی نہیں کرسکتے۔جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ صدر کے اختیار کا معاملہ بعد میں دیکھا جائے گا، فی الحال وفاقی حکومت بتائے کہ 15 روز گزرنے کے بعد اس نے کیا اقدامات کیے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں نئے تعینات ہونے والے ججز کا معاملہ بھی التوا کا شکار ہے۔عدالت نے وفاقی حکومت سے کل تک جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.