دفاعی معاہدوں سے خطے میں امن مضبوط ہوگا،مصدق ملک
اسلام آباد( تر کیہ خبر) وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی امن کے فروغ کا داعی ہے اور دفاعی معاہدوں کے نتیجے میں خطے میں امن و استحکام کو تقویت ملے گی۔دنیا نیوز سے گفتگو میں مصدق ملک نے کہا کہ جو ممالک امن کے خواہاں ہیں وہ بتدریج اس فریم ورک کا حصہ بنیں گے، جبکہ عالمی سطح پر بھی دفاعی معاہدے کو امن کے قیام کی کوشش کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت سے قبل کئی ممالک پاکستان سے ناراض تھے، تاہم اب دنیا بھر میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا پرتپاک استقبال کیا جاتا ہے۔ ان کے بقول ایک ہی دن میں امریکی اور ایرانی وزرائے خارجہ جبکہ اگلے روز سعودی وزیر خارجہ پاکستان کی تعریف کرتے نظر آتے ہیں۔مصدق ملک نے کہا کہ حالیہ جنگ میں بھارت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑی طاقت کا مقابلہ کیا اور کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو کامیابی عطا کی۔