سعودی عرب پر حملہ ہوا تو دفاعی معاہدہ فعال ہوگا:خواجہ آصف
اسلام آباد( تر کیہ خبر) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ یمن سے سعودی عرب پر حملوں کی صورت میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان طے شدہ مشترکہ دفاعی معاہدہ فعال ہونے کا امکان ہے۔ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ آصف نے بتایا کہ مکہ میں ہونے والے سہ فریقی دفاعی معاہدے کے تحت تینوں ممالک ایک دوسرے کی معاونت کے پابند ہیں۔ معاہدے کے مطابق کسی ایک ملک کے خلاف جارحیت کو تینوں ممالک کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا۔وزیر دفاع نے واضح کیا کہ پاکستان معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گا اور سعودی عرب کی سلامتی کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف پہلے ہی واضح ہے۔یاد رہے کہ یمنی حوثیوں نے سعودی شہروں ابہا، خمیس مشیط، نجران اور جازان کو حملوں کا نشانہ بنایا، جن میں شہری و معاشی تنصیبات متاثر ہوئیں اور 73 افراد زخمی ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات معصوم انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہونے کے ساتھ خطے کے امن و سلامتی کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔