یوم دفاع عزم و قربانی کی یاد، ملکی دفاع مضبوط اور سفارت کاری ضروری ہے: رضوان سعید شیخ
اسلام آباد( تر کیہ خبر) امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ یوم دفاع قوم کو عزم، بہادری اور قربانی کی یاد دلاتا ہے، جبکہ پاکستان کا دفاع مضبوط اور سفارت کاری عالمی امن کے لیے ضروری ہے۔انہوں نے یہ بات واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں یوم دفاع و شہدا کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں مختلف ممالک کے سفارت کاروں، فوجی و دیگر سرکاری نمائندوں، امریکی حکومت کے اہلکاروں اور پاکستانی برادری کے افراد نے شرکت کی۔رضوان سعید شیخ نے کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ مضبوط عزم اور بہادری کے ساتھ ملک کا دفاع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کو اپنی مسلح افواج کی خدمات پر فخر ہے۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ آپریشن معرکہ حق کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص میں بہتری کا سلسلہ جاری ہے۔ اب ملک کو اپنی معیشت کو بھی مضبوط اور مستحکم بنانے کے لیے بھرپور توجہ دینا ہوگی۔پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے رضوان سعید شیخ نے کہا کہ امریکا کے ساتھ دفاعی تعاون دونوں ممالک کے درمیان پائیدار اور نتیجہ خیز شراکت داری کا ایک اہم حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کے لیے اپنا کردار ادا کررہا ہے۔ ان کے مطابق امن کے تحفظ کے بعد پاکستان کے لیے اگلا اہم مقصد مضبوط اور پائیدار معاشی خوشحالی کا حصول ہے۔